جموں، 7 ؍نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوجیوں نے آج پونچھ ضلع کے میندھار سیکٹر میں کنٹرول لائن پر واقع ہندوستانی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے مارٹر سے گولے برسائے جس کا ہندوستانی فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ آج صبح 9بج کر 15منٹ پر پاکستانی فوجیوں نے پونچھ ضلع کے میند ھار سیکٹر میں بغیر اشتعال کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ان کے مطابق پاکستان نے ہندوستانی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور120ملی میٹر اور 82ملی میٹر کے گولے داغے۔سرحد کی سیکورٹی میں تعینات جوانوں نے فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا۔آخری خبر آنے تک دونوں جانب سے فائرنگ جاری تھی۔کل پاکستانی فوج نے پونچھ ضلع کے پونچھ سیکٹر اور کنٹرول لائن کے کرشن وادی سیکٹر کے ذریعے دراندازی کی دو کوششوں کو انجام دینے کے لیے فائرنگ کی آڑ لی تھی۔اس میں فوج کے دو جوان شہید ہو گئے تھے اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔زخمیوں میں دو نوجوان ایک بی ایس ایف کا افسر اور دو خواتین شامل ہیں۔سرجیکل اسٹرائیک کے بعد سے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع رہائشی علاقوں اور ہندوستانی چوکیوں پر نشانہ لگاتے ہوئے جنگ بندی کے تقریبا 100واقعات ہو چکے ہیں۔